PakistanSports & GamesUrdu

پاکستان چیمپینز کی لیجنڈز کرکٹ لیگ میں لگاتار چار کامیابیاں، سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی

ورلڈ کپ کرکٹ میں ناکامی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی لگاتار کامیابیاں، وہ بھی شاہین آفریدی، بابر اعظم، محمد رضوان، حارث روف، نسیم شاہ، محمد آمر اور شاداب خان کے بغیر۔ البتہ اس ٹیم میں بھی بڑے ستاروں کی کمی نہیں۔ یونس خان، مصباح الحق، شاہد آفریدی، سعید اجمل، شعیب ملک اور کامران اکمل جیسے نامور کھلاڑی اس ٹیم کا حصہ ہیں۔

جی ہاں بات ہو رہی ہے کرکٹ ٹیم "پاکستان چیمپینز" کی۔ جو انگلینڈ میں منعقدہ ورلڈ چیمپین شپ آف لیجنڈز کرکٹ 2024 میں شرکت کر رہی ہے۔ ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں شریک ہیں۔جس میں انڈیا، آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، ساؤتھ افریقہ اور پاکستان شامل ہیں۔ اس ٹورنامنٹ میں تمام ٹیموں میں متعلقہ ملک کے سابقہ لیجنڈ کرکٹرز شامل ہیں۔ پاکستان لیجنڈز کی ٹیم کی لیگ میں انتہائی عمدہ کارکردگی رہی ہے۔

پاکستان چیمپینز ابھی تک کھیلے گئے چار میں سے چار مقابلوں میں فاتح رہی ہے۔ اور سیمی فائنل تک رسائی لے جانے والی پہلی ٹیم ہے۔ ٹیم نے نہ صرف چاروں مقابلے اپنے نام کیے بلکہ تمام مقابلوں کو یک طرفہ طریقے سے جیتا۔ ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2024 میں انتہائی دل برداشتہ پرفارمنس پر، فینز میں جو غم و غصہ پایا جا رہا تھا وہ سینیئر کھلاڑیوں کی پرفارمنس سے خوشی اور تفریح میں منتقل ہو رہا ہے۔

ہڈیاں بوڑھی ہیں مگر حوصلے جوان۔ پاکستان چیمپینز کرکٹ ٹیم نے روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ میں لیگ کا سب سے بڑا ٹوٹل (243) اسکور بورڈ پر داغ دیا۔ اور کامیابی سمیٹ کر اپنی قوم اور فینز کے نام کر دی۔ شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں ناقص پرفارمنس کے بعد اپنے لیجنڈز،  پرانے کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھنا  پرلطف اور دل کو چھو لینے والا ہے۔ اس پر سونے پر سہاگہ یہ ہے کہ ٹیم نے بہت ہی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جس سے شائقین کے دل خوش ہو گئے ہیں۔

لیگ کے سیمی فائنلز  12 جولائی جبکہ فائنل 13 جولائی کو کھیلا جانا ہے۔ شائقین کرکٹ ٹیم کی جیت کے لیے پرعزم ہیں۔ اور کھلاڑیوں نے بھی اس لیگ کو کرکٹ فینز کے لیے جیتنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

Back to top button