PakistanUrdu

مردان میں ریموٹ کنٹرول دھماکہ،3 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوئے

جمعہ کے روز خیبر پختونخواہ کے ضلع مردان میں نا معلوم دہشت گردوں کی جانب سے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے دھماکہ کیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق، جبکہ سات زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکہ، تخت بھائی جلالہ پل کے پاس ہوا۔ ڈی پی او مردان پولیس نے بتایا کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے کیا گیا۔

سپریٹنڈنٹ آف پولیس خالد خان نے بتایا کہ نامعلوم دہشت گردوں نے تخت بھائی کے علاقے میں جلالہ پل کے قریب ریموٹ کنٹرول ڈیوائس نصب کی تھی۔ اور دھماکہ عین اس وقت کیا گیا جب پولیس وین وہاں سے گزر رہی تھی۔ 

انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں پولیس کی گاڑی کے علاوہ ایک رکشے کو نقصان پہنچا۔ دھماکے سے رکشے میں سوار مسافر بری طرح متاثر ہوئے۔ رکشے میں سوار تین افراد ہلاک ہوئے جبکہ دو پولیس اہلکاروں سمیت سات افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس اہلکار نے مزید بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور پھر پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ ریسکیو کے اہلکاروں نے زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تخت بھائی پہنچایا۔ اور زخمی پولیس اہلکاروں کو مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔

گورنر خیبر پختو نخواہ فیصل کریم کنڈی نے دھماکے کی مذمت کی اور متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ ملک کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دھماکے کی مذمت کی اور متاثرین کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا۔

گزشتہ ماہ پاکستان کی نیشنل ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لیے آپریشن عزم استحکام کے آغاز کا اعلان کیا تھا اور وفاق اور آزاد جموں کشمیر سمیت تمام صوبوں نے اس منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے منظوری دی تھی۔

Back to top button